Advertisement
Translate
Friday, February 25, 2022
Importance of Human Brain
ہمارے جسم میں دماغ کی اہمیت کمپیوٹر میں سی پی یو(CPU) کی سی ہے، جس میں خرابی سے پورا جسم مفلوج ہو سکتا ہے، اِس کی سادہ مثال ’کوما‘ (Coma)ہے، کوئی انسان اِس حالت میں کسی شدید دماغی چوٹ، آکسیجن کی کمی، شوگر یا انفیکشن وغیرہ کی وجہ سے پہنچتا ہے، یہ ایک ایسی لاشعوری حالت ہوتی ہے ، جس میں دل کی دھڑکن چلنے کے باوجود جسم مردہ ہو تا ہے۔
اِس حالت میں انسان اپنے ارِدگرد کی حرکات و سکنات کو محسوس کر سکتا ہے، آوازیں سن سکتا ، خواب دیکھ سکتا ہے، لیکن کسی بھی قسم کا رسپانس یعنی جواب نہیں دے سکتا، حتیٰ کہ وہ اپنی پلکیں بھی نہیں جھپکا سکتا۔ اگرچہ انسانی دماغ کا وزن صرف 1.3 کلوگرام ہے، لیکن وہ اپنی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے جسمانی توانائی کا 20 فیصد استعمال کرتاہے۔ ہمارا دماغ 100 ارب عصبی خلیوں کا مجموعہ ہے، جب ہم کوئی بات یاد کرنے کی سعی کریں تو ہمارے احکامات دماغ میں فی سیکنڈ 50 تا 120 میٹر کی شرح سے دوڑتے ہیں۔
چنانچہ احکامات بجالانے میں کچھ دیر لگ جاتی ہے، لیکن مناسب دماغی مشق سے اِس رفتار میں نہ صرف توازن برقرار رکھا جا سکتا ہے بلکہ اِس میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ 20 سے 27 سال کے عمر میں انسان کی دماغی صلاحیتیں اپنے عروج پر ہوتی ہیں، جو عمر ڈھلنے کے ساتھ ساتھ کمزور ہوتی جاتی ہیں، اسی لیے ماہرین نیلی بیریاں اور اخروٹ کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، جو یادداشت کھونے کے امراض یعنی نسیان اور الزائمر سے انسان کو محفوظ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ جس طرح ہم روزانہ ایکسرسائز کے ذریعے جسم کو مضبوط اور طاقتور بنا سکتے ہیں اِسی طرح مختلف طرح کے کھیلوں کے ذریعے، رشتہ داروں اور دوستوں سے بات چیت کے ذریعے، میڈی ٹیشن اور یوگا کے ذریعے دماغ کو سرگرم اور صحت مند رکھ سکتے ہیں۔
آج کے جدید دور میں دماغ کو صحت مند رکھنے کے حوالے سے دنیا بھر میں کئی تحقیقات جاری ہیں، اِن تمام تحقیقات میں برین فٹنس یعنی دماغی تندرستی کے حوالے سے قائم کردہ معیارات تقریباً یکساں ہیں، جن کے مطابق صحت مند عادات کو اپنا کر نہ صرف برین ٹیومر جیسی بیماری سے بچا جا سکتا ہے بلکہ سنٹرل نروس سسٹم کے افعال کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ آئیے ایسی چند عادات کے بارے میں جانتے ہیں۔
نئی مہارتیں سیکھیں
متعدد تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نئی مہارتیں سیکھنے سے دماغ کے افعال میں بہتری آتی ہے۔ نئی مہارتیں سیکھنے سے نہ صرف یاداشت بہتر ہوتی ہے، بلکہ دماغ کا "Temporal lobe" نامی حصہ بھی مضبوط ہوتا ہے، جس میں یاداشت محفوظ ہوتی ہے۔ ایسا اِس لیے ہوتا ہے کیونکہ مہارتیں سیکھنے کے دوران دماغ کی ورزش ہوتی ہے۔ آپ نے سرکس میں جوکر کو تین یا اِس سے زائد گیندوں کو ہوا میں ہمہ وقت اچھالتے دیکھا ہو گا، وہ اِس کرتب میں مہارت حاصل کرنے کے لیے کئی ہفتوں اور مہینوں کی مشق کرتا ہے، یہ مہارت سیکھنے کے دوران جوکر انجانے میں اپنے دماغ کی ورزش کر رہا ہوتا ہے ، جس وجہ سے اُس کا دماغ عام آدمی کے دماغ سے کئی گنا زیادہ تندرست ہوتا ہے۔ ماہرین متعدد گیندوں کو بیک وقت اچھالنے یعنی "juggling" جیسے کھیل کھیلنے اور مہارتیں سیکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ دماغ کی ورزش کے حوالے سے ایک اور عمدہ مثال ترکھان کی ہے، جسے اپنے کام کو انجام تک پہنچانے کے لیے نہ صرف مختلف طرح کی پیمائشیں لینا پڑتی ہیں ، بلکہ بڑی باریک بینی اور دھیان لگا کر کام کرنا پڑتا ہے۔ آپ اپنے گھر کے عام لکڑی کے کام خود اپنے ہاتھ سے کرنے کی عادت ڈالیں۔
اچھی خوراک کھائیں
آج ہر دوسرا فرد بلڈ پریشر، شوگر ، اعصابی تناؤ اور ذہنی دباؤ جیسی پیچیدہ بیماریوں کا شکار ہے، جس کی وجہ لوگوں کا اپنی صحت کے حوالے سے اِس قدر شعوری نہ ہونا ہے، جتنا کہ اُنہیں ہونا چاہیے۔ عام طور پر دفاتر میں کام کرنے والے افراد بازاری اشیاء کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، اُن کی روزانہ کی خوراک میں سبزیاں اور پھل شامل نہیں ہوتے، نتیجتاً اُن کا جسم کئی بیماریوں کی آماج گاہ بن جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شوگر کی انتہائی حالت میں انسان ’کوما‘ میں بھی جا سکتا ہے، یعنی آپ کی جسمانی بیماریوں کا دماغ کے ساتھ پیچیدہ تعلق ہوتا ہے۔ اپنی خوراک میں سبز رنگ کی سبزیوں کو شامل کریں اور ایسے پھل کھائیں جن میں وٹامن بی بھاری مقدار میں موجود ہو، مثال کے طور پر سیب، کیلا، چیری اور انگور میں وٹامن بی موجود ہوتا ہے، جو دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔ ویسے تو جسم کو مکمل طور پر فٹ اور فعال رکھنے کے لیے تمام وٹامن درکار ہوتے ہیں، لیکن وٹامن بی کا آپ کی دماغی صحت سے خاص تعلق ہے، وٹامن بی 6 اور بی 12 میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو دماغی توازن کو برقرار رکھنے اور یادداشت کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔
دماغی کھیل کھیلیں
اپنے دماغ کو متحرک رکھنے کی کوشش کریں، دماغی کھیل مثلاً سوڈوکو، پزلز، لوڈو، تاش اور چیس وغیرہ چند ایسے کھیل ہیں، جو دماغ کے افعال میں بہتری کا موجب بنتے ہیں اور کنکشنز کو برقرار رکھتے ہیں۔ مذکورہ کھیل یاداشت کو بہتر بنانے کے لیے ساتھ ساتھ دماغ میں قدرتی طور پر بننے والی ’بیٹا امے لائڈ‘ نامی پروٹین جوکہ الزائمر کا موجب بنتی ہے، کو بننے سے روکتے ہیں۔ تاہم یاد رہے کہ دماغی کھیل بچپن میں کھیلنے سے جو مثبت اثرات دماغ پر مرتب ہوتے ہیں، وہ بڑھاپے میں نہیں ہوتے۔ اگر آپ کسی کھیل میں غیر معمولی مہارت حاصل کر لیں تو اُسے کھیلنا ترک کر کے کوئی دوسرا مشکل کھیل کھیلنا شروع کر دیں۔
یاداشت کو بہتر بنائیں
بڑھتی عمر کے اثرات جسم کے دیگر اعضاؤں کی طرح دماغ پر بھی مرتب ہوتے ہیں، جس وجہ سے بڑھاپے میں چیزوں کو یاد رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یاداشت کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کے لیے چھوٹے گولز سے آغاز کریں اور رفتہ رفتہ اپنے گولز کو مشکل بناتیں جائیں۔ مثال کے طور پر آپ یہ یاد کریں کہ انسانی جسم میں کتنی ہڈیاں ہوتی ہیں؟ چینی زبان کے لفظ ’شے شے‘ (شکریہ) کے کیا معنی ہیں؟ دماغ کے کتنے حصے ہیں یا کسی کا فون نمبر ہی یاد کرلیں۔ ایسا کرنے سے دماغ پر صحت مند اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یادداشت تاعمر قائم رہتی ہے۔
مطالعے کی عادت اپنائیں
مطالعہ کرنے کے بے شمار فوائد میں سے ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اِس سے آپ کا دماغ مسلسل حرکت میں رہتا ہے۔ اِسی لیے مختلف طرح کے میگزین، کتابیں، شاعری اور مضامین کے مطالعے کی عادت اپنائیں۔ یاد رہے کہ آپ پہلے پہل صر ف اُنہیں چیزوں کا مطالعہ کریں جن میں آپ کو دلچسپی ہو، یوںدماغ کو مزید مطالعہ کرنے کی تحریک اور آزادی ملتی ہے۔ مطالعہ کرنے سے نہ صرف آپ کو نئی چیزوں سے آشنائی حاصل ہوتی ہے بلکہ اِس سے آپ کی طرزِ زندگی اور شخصیت میں بھی نمایا تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔ مطالعہ کے دماغی صلاحیتوں پر مثبت اثرات کی سادہ مثال جاگنگ ہے، جس طرح روزانہ جاگنگ کرنے سے جسم تندرست اور توانا رہتا ہے، اِسی طرح دماغ کی ورزش مطالعہ ہے۔
معاشرتی تعلقات استوار کریں
آج کے جدید دور میں انٹرنیٹ اور سمارٹ فون جیسی سہولیات دستیاب ہونے کے باوجود لوگ ایک دوسرے سے بہت دور ہیں۔ ماضی میں قریبی دشتے داروں کو محبت بھرے خطوط لکھنے کی روایت عام تھی، جو ٹیکنالوجی کے فروغ اور وقت رفتہ کے ساتھ قصہ پارینہ بن گئی ہے۔ بڑھاپے میں انسان کو دماغی توازن کو برقرار رکھنے اور ذہنی سکون کے لیے نوجوان رشتے داروں سے بات چیت کی اشد ضرورت ہوتی ہے، ایسے میں بزرگ حضرات سمارٹ فون کا استعمال کر سکتے ہیں اور اپنے رشتے داروں سے جڑے رہ سکتے ہیں۔چند تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے لوگ جو اپنے خاندان والوں سے تعلقات استوار کرنے میں مگن رہتے ہیں اور اُنہیں خاندان والوں کی سپورٹ حاصل ہوتی ہے عام لوگوں کی بانسبت ذہنی طور پر زیادہ مضبوط اور صحت مند ہوتے ہیں۔
دوسروں کی مدد کریں
دوسروں کی بے لوث ہو کر مدد کرنے اور کام میں ہاتھ بٹانے سے دماغی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اگر آپ پڑھے لکھے ہیں تو غریب بچوں کو پڑھا کر اُن کی مدد کر سکتے ہیں، ایسا کرنے سے آپ کو معاشرے میں اپنی اہمیت کا اندازہ ہو گا، اِس کے علاوہ آپ کھانے پکانے میں اپنے والدہ یا اہلیہ کی مدد کر سکتے ہیں، نوجوانوں کو اپنی زندگی کے تجربے کی روشنی میں قیمتی مشوروں سے نواز سکتے ہیںوغیرہ۔
ایکسرسائز کو معمول بنائیں
ورزش کی افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ تحقیقات کے مطابق روزانہ 45 منٹ کی واک سے دماغ پر غیر معمولی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ورزش نہ صرف دماغ کو دن بھر کام کرنے کے لیے تروتازہ رکھتی ہے، بلکہ اُس کی صلاحیتوں کا دائرہ کار بھی بڑھاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایکسرسائز کے مثبت اثرات جسم میں ورزش کے دوران آکسیجن کی زیادہ مقدار جانے سے ہوتے ہیں۔ باغیچے کی گھانس کاٹنا، پودوں کو پانی دینا، تیراکی کرنا، گھر کی صفائی کرنا اور پودوں کو تراشنا یہ تمام سرگرمیاں روزانہ کی ایکسرسائز میں شامل ہیں، سو انہیں اپنا معمول بنائیں۔
نشے سے پرہیز کریں
نشہ ویسے تو پورے جسم کے لیے خطرناک ہے، لیکن اِس کے دماغی صحت پر غیر معمولی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صرف تمباکو نوشی سے ہی ’ڈی منٹیا‘ نامی بیماری لاہک ہونے کے امکانات ہوتے ہیں، جو کئی بیماریوں کا ایک مجموعہ ہے، جس کا تعلق آپ کی یادداشت اور نئی چیزیں سیکھنے سے ہے۔ نشہ آور ادویات سے پورے سنٹرل نروس سسٹم کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہوتا ہے، جو ہمارے جسم کے تمام افعال کا ذمہ دار آرگن ہے۔ تمباکو نوشی سے نروس سسٹم احساس ہو جاتا ہے اور نتیجتاً دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ اگرچہ یہ محدود دورانیے کے اثرات ہیں، جن پر عام لوگ زیادہ دھیان نہیں دیتے، لیکن ایک تحقیق میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ سگریٹ اور دیگر نشہ آور ادویات میں موجود نیکوٹین سے چڑچڑا پن، بے چینی اور چیزیں بھول جانے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اِس لیے اگر آپ لمبی عمر کے ساتھ صحت مند دماغ کے بھی خواہشمند ہیں تو نشے سے دور رہیں۔
پوسٹ کو شیئر کرنا مت بھولیے گا
لائــــــــــک اور کمنٹس سے اپنی موجودگی
کا احساس دلاتے رہیں ۔
Tags
# Human Body
About Sheikh Ahtisham
we are dedicated to providing you the very best Information. Keep watching this blog for more latest information share your views and share it with your friends and family members. Founded in 05 February by sheikh ahtisham has come a long way from its beginnings in Pakistan. We hope you will enjoy our multi information as much as we enjoy offering them to you. If you have any questions or comments, please contact us.
Human Body
Tags:
Human Body
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment
Have a any doubt let me know. And don't enter any spam link in the comment box.